پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن سے پہلے لاہور قلندرز کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ گزشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی ٹیم کا حصہ بننے والے ساؤتھ افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز نے پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن کھیلنے سے معذرت کر لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ خود پر بوجھ کم کرنے کے لیے کیا ہے۔ اے بی ڈویلیئرز نے آسٹریلیا میں ہونے والی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے اگلے ایڈیشن میں شرکت کرنی ہے جہاں وہ برسبین ہیٹ کی نمائندگی کریں گے۔ اس کے بعد انہوں نے پی ایس ایل کھیلنے کے بجائے آرام کو ترجیح دی اور تازہ دم ہو کر انڈین پریمیر لیگ 2020 کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ اے بی ڈویلیئرز نے گزشتہ سال پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے لاہور قلندرز کی جانب سے سات میچوں میں 218 رنز اسکور کیے تھے جس میں 19 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔