دورہ آسٹریلیا پر موجود نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کی والدہ کا انتقال ہو گیا ہے جس کی اطلاع انہیں کر دی گئی ہے۔ نسیم شاہ آسٹریلیا اے کے خلاف جاری تین روزہ پریکٹس میچ میں قومی ٹیم کی پلئینگ الیون کا حصہ تھے لیکن اپنی والدہ کے انتقال کی خبر کے بعد وہ اس میچ سے دستبردار ہو گئے۔
نسیم شاہ نے لوئر دیر سے تعلق رکھنے والے خاندانی افراد سے مشاورت کی جس کے بعد فیصلہ کیا کہ طویل فلائٹ ہونے کی وجہ سے وہ پاکستان واپس نہیں آئیں گے بلکہ آسٹریلیا میں ہی قیام کریں گے۔
نسیم شاہ کی والدہ کی وفات کی وجہ سے آسٹریلیا اے اور پاکستان کی ٹیمیں دوسرے روز سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اتریں۔ نوجوان فاسٹ بولر کو کینگروز کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلانا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہو گا۔