ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ کے بعد پاکستان کو دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی بھی مل گئی ہے۔ سری لنکن ٹیم دسمبر میں راولپنڈی اور کراچی میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ 11 سے 23 دسمبر تک دو ٹیسٹ میچز پاکستان میں ہوں گے۔ پہلا ٹیسٹ 11 سے 15 دسمبر تک راولپنڈی میں شیڈول ہے۔ دوسرا ٹیسٹ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو گا۔ پاکستان اور سری لنکا کی یہ سیریز ٹیسٹ چیمپین شپ کا حصہ ہے۔ سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ ایک بار پھر دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں، یقین ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے یہاں کنڈیشنز سازگار ہوں گی اور شائقین کو اچھے میچز دیکھنے کو ملیں گے۔