Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

قائد اعظم ٹرافی میں سرفراز احمد کی قیادت میں کھیلنے والی سندھ ٹیم کو دوسری شکست ہو گئی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ناردرن نے کپتان نعمان علی کی شاندار باؤلنگ کی بدولت سندھ کو 145 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی۔ سندھ کی پوری ٹیم 345 رنز کے تعاقب میں 199 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں آنے والے سہیل خان کی نصف سنچری بھی سندھ کو مشکلات کے بھنور سے نہ نکال سکی۔ انہوں نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے ناردرن کے اسپنر نعمان علی نے دوسری اننگز میں بھی 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل 82 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔
پہلی اننگز میں ناردرن کے 408 رنز کے جواب میں سندھ کی ٹیم 326 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔ اس شکست کے بعد سندھ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں آخری نمبر پر چلی گئی۔