پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے جہاں آسٹریلیا اے کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ میں زبردست بولنگ کر کے پوری دنیا کی توجہ حاصل کی وہیں وہ راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کو بھی متاثر کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ شعیب اختر نے نسیم شاہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کی والدہ فوت ہو گئی لیکن انہوں نے آسٹریلیا میں قیام کا ہی فیصلے کیا۔ سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ان کی والدہ نے انہیں ٹیم میں منتخب ہوتے دیکھا لیکن انہیں کھیلتا ہوا نہیں دیکھ سکیں۔ راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ نسیم شاہ کی صورت میں پاکستان کو تگڑا فاسٹ بولر ملا ہے اور میں کئی دفعہ اس کی نشاندہی کر چکا ہوں۔ شعیب اختر نے مزید کہا نسیم شاہ کی اچھی بات یہ ہے کہ وہ سمجھ بوجھ کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری نیک خواہشات نسیم شاہ کے ساتھ ہیں کیونکہ والدہ کے انتقال کے بعد انہوں نے جو ہمت دکھائی وہ بہت دلیری کی بات ہے۔