گزشتہ دنوں میڈیا پر خبریں سامنے آئیں کہ سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے فیصلے میں وزیراعظم عمران خان نے بھی کردار ادا کیا تاہم اب عمران خان نے ہی سرفراز احمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کردیا ہے۔ وزیراعظم نے حکومتی مصروفیات سے بریک لیتے ہوئے ہفتہ اوراتوارکی چھٹی بنی گالہ میں اہلخانہ کے ساتھ گزاریں۔ عمران خان نے چھٹی کے روز قریبی دوستوں سے گپ شپ کے دوران کرکٹ سے متعلق امورپر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کپتانی سے ہٹائے جانے والے سرفراز احمد سے متعلق کہا کہ سرفراز اچھا کرکٹر ہے، اس میں کم بیک کرنے کی صلاحیت موجود ہے، وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرے اور ٹیم میں جگہ حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا اندازہ ٹی ٹوئنٹی سے نہیں بلکہ ون ڈے اور ٹیسٹ میں ہوتا ہے۔ عمران خان نے مصباح الحق پراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق دیانتدار آدمی ہیں، ان میں کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔