ماضی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس بہترین اسپن بولرز کا ساتھ رہا ہے مگر اب قومی ٹیم اس صلاحیت سے محروم نظر آرہی ہے۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کو تعینات کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق مشتاق احمد اس عہدے کے لیے فیورٹ قرار دیئے جارہے ہیں۔ وہ ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے بولنگ کوچ تھے۔ سابق اسٹار بولر آج کل ابوظہبی میں جاری ٹی ٹین لیگ کی فرنچائز دکن گلیڈی ایٹر سے وابستہ ہیں۔ ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق بھی مشتاق احمد کو اپنے کوچنگ اسٹاف میں شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ پی سی بی نے گذشتہ دنوں قومی ٹیم کے لیے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کا اشتہار جاری کیا تھا۔ اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کے لیےلیول تھری سرٹیفائیڈ کوچ ہونا اور نیشنل یا انٹرنیشنل ٹیم کے ساتھ پانچ سالہ تجربہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس عہدے کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 19 نومبر ہے۔