بھارتی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مسلسل چھٹی فتح اپنے نام کرلی۔ بھارتی ٹیم کی اس کامیابی کے ساتھ کپتان ویرات کوہلی نے سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بارڈر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ویرات کوہلی اب تک 52 ٹیسٹ میچوں میں بھارتی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے 32 میچوں میں کامیابی حاصل کی اور ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم کی فتح کا تناسب 61 فیصد رہا ہے۔ ایلن بارڈر نے 93 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کی تھی جس میں سے آسٹریلوی ٹیم کو 32 میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی تھی جبکہ ویرات کوہلی نے یہ کارنامہ صرف 52 ٹیسٹ میچوں میں انجام دے دیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف اس کامیابی کے ساتھ ویرات کوہلی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے پانچویں کامیاب ترین کپتان بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں ساوتھ افریقہ کے گریم اسمتھ 53 ٹیسٹ فتوحات کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ رکی پونٹنگ 48 کامیابیوں کے ساتھ دوسرے اور اسٹیو وا 41 فتوحات کیساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔