آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنانے پر کہنا ہے کہ بابر نے اس سے قبل کسی بھی بڑی ٹیم کی کپتانی نہیں کی ہے تاہم ان کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنانا ایک سوالیہ نشان ہے۔ سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹیم کی کپتانی کی وجہ سے بابر اعظم کی بیٹنگ متاثر نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بیٹنگ کو لے کر بہت محنت کرتے ہیں، انہیں رنز اسکور کرنے کے تمام گُن معلوم ہیں اور انہوں نے ہر کنڈیشنز میں اسکور کیا ہوا ہے۔ محمد حفیظ کہتے ہیں کہ بابر اعظم نے ایک دائرہ بنایا ہوا ہے جس میں رہ کر وہ بیٹنگ کرتے ہیں۔ محمد حفیظ نے مزید کہا کہ ابھی بابر اعظم کو خود کو مزید بہتر کرنا ہے، اپنے دائرے سے باہر نکل کر پرفارم کرنا ہوگا جس طرح کوہلی اور ولیمسن جیسے بیٹسمین کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو اب اگر کپتان بنا دیا گیا ہے تو انہیں وقت دینا چاہیے، پانچ سے چھ ماہ میں نتائج کی توقع رکھنا بیوقوفی ہوگی۔