Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کو ٹیسٹ سیریز میں محمد عباس سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ وقار یونس کا کہنا ہے کہ محمد عباس بہت ذہین بولر ہیں، انھیں بخوبی اندازہ ہے کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز میں کس طرح بولنگ کرنی ہے۔ بولنگ کوچ کا کہنا ہے کہ محمد عباس کی بولنگ میں مجھے آسٹریلوی فاسٹ بولر گلین میکگرا کی جھلک نظر آتی ہے۔
محمد عباس نے گزشتہ سال یو اے ای میں آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے 2 میچوں میں 10.58 کی اوسط سے 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ٹیسٹ سیریز میں ان کی بہترین بولنگ 33 رنز کے عوض 5 وکٹیں رہی تھیں۔
وقار یونس نے گزشتہ آسٹریلیا سیریز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محمد عباس نے یو اے ای میں کینگروز کے خلاف زبردست بولنگ کی تھی لیکن وہ پچز مکمل مختلف تھیں، امید ہے وہ یہاں کی کنڈیشنز کے مطابق بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔