قومی ٹیم کے مایہ ناز سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کا ماننا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان اگر سیریز ہوتی ہے تو ایشیز سیریز سے بھی زیادہ مقبول ہوگی۔ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ایک مرتبہ پھر شروع ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ مشتاق احمد کا کہنا ہے کرکٹ کا دوبارہ سے شروع ہونا دونوں ملکوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا کیونکہ ماضی میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچز بہت زیادہ دلچسپ ہوتے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز ایشیز سے بھی زیادہ اہم ہوگی اور پوری دنیا میں دیکھی جائے گی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ سیریز آخری مرتبہ 2012 میں کھیلی گئی تھی۔ دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی جبکہ تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز میں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔