سینٹرل پنجاب اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان قائد اعظم ٹرافی کے آٹھویں راؤنڈ کا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جا رہا ہے۔ سینٹرل پنجاب کی ٹیم پہلی اننگز میں 246 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جس میں کامران اکمل کے 59، عثمان صلاح الدین کے 50، احمد شہزاد کے 48 اور محمد سعد کے 31 رنز شامل تھے۔ کامران اکمل نے 59 رنز کی بدولت فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے 13 ہزار رنز مکمل کر لیے ہیں۔ پہلے روز کھیل کے اختتام کے بعد کامران اکمل پریس کانفرنس کرنے آئے تو انھوں نے کہا کہ 13 ہزار رنز مکمل ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ کامران اکمل نے کہا کہ میں سنچری کے لیے نہیں کھیل رہا تھا، جب بھی کھیلتا ہوں ٹیم کے لیے کھیلتا ہوں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ اس پچ پر رنز آسانی سے نہیں بن رہے تھے لیکن میں نے اپنی نیچرل گیم کھیلی جو ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی۔