بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین پرتھوی شا نے اینٹی ڈوپنگ کیس میں اپنی سزا پوری کرنے کے بعد کرکٹ میں واپسی کر لی ہے۔ سید مشتاق علی ٹرافی کے ایک میچ میں ممبئی کی جانب سے کھیلتے ہوئے پرتھوی شا نے آسام کے خلاف 39 گیندوں پر 63 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور ان کی ٹیم اس میچ میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔
پرتھوی شا نے کہا ہے کہ اب میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانے اور ٹیم کے لیے میچز جیتنے پر توجہ دوں گا، میں صرف رنز بناتا رہوں گا، باقی سلیکٹرز پر منحصر کرتا ہے کہ وہ کیا سوچتے ہیں، میرا کام ٹیم کے لیے رنز بنانا اور میچز جیتنا ہیں۔
انھوں نے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی وجہ سے لگنے والی پابندی سے متعلق کہا کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ کبھی کچھ ایسا ہو گا، پابندی لگنے کے بعد پہلے 20-25 دن میں بہت مایوس تھا، مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ یہ کیسے ہو گیا۔