پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان 22 روزہ دورے پر اس وقت آسٹریلیا میں موجود ہیں۔ ان کی لاہور واپسی دسمبر کے پہلے ہفتے میں ہو گی۔ وسیم خان کرکٹ آسٹریلیا حکام اور پلیئرز ایسوسی ایشن سے ملاقات کریں گے۔ وہ 2021 میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم اور جونیئر ٹیم کے دورہ پاکستان پر بات چیت کریں گے۔ وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے مکمل محفوظ ملک ہے، دوسرے ملکوں کی طرح پاکستان بھی بہتر انداز میں انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کر سکتا ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کے بڑے شہروں میں بہت عرصے سے امن قائم ہے، سب کچھ کنٹرول میں ہے اور ہم انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کرنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔ یاد رہے آئندہ ماہ پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بھی واپس آ رہی ہے۔ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچز راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔