قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی نمائندگی کرنے والے تابش خان نے ایک اور شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔ انھوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 37ویں مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کر لیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 246 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
سینٹرل پنجاب نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کیا تو عثمان صلاح الدین 57 کے انفرادی اسکور پر تابش خان کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ احسان عادل 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سندھ کے فاسٹ باؤلر تابش خان نے 85 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انور علی اور سہیل خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سندھ نے سنٹرل پنجاب کے 246 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنا لیے ہیں۔ سندھ کی جانب سے خرم منظور اور جاہد علی نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔