Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

قائداعظم ٹرافی کے آٹھویں راؤنڈ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو ایک اننگز اور 122 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ہے۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے والی بلوچستان کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بلوچستان کے سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نا ہو سکے۔
خیبرپختونخوا کے اسپنر ساجد خان نے دوسری اننگز میں 4 شکار کیے۔ پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار بلوچستان کی ٹیم نے میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو فاسٹ باؤلرز جنید خان اور عثمان شنواری نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 48 رنز پر بلوچستان کی آدھی ٹیم کو پویلین واپس بھیج دیا۔
بلوچستان کے بیٹسمین آف سپنر ساجد خان کی گھومتی گیندوں کا مقابلہ بھی نہ کر سکے اور پوری ٹیم 36 اوورز میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بلوچستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان 40 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
فاسٹ باؤلرز جنید خان اور عثمان شنواری نے میچ میں 5، 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں خیبرپختونخوا کے 385 رنز کے جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 146 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔