سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو بہترین دریافت قرار دیا ہے۔ وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ اس عمر میں بھی نسیم شاہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں کیونکہ ایک 17-16 سال کے باؤلر پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہوتا۔ انھوں نے کہا جب میں اس عمر میں پاکستان کی جانب سے میں کھیلا تھا تو مجھ پر بالکل بھی دباؤ نہیں تھا۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ اپنی والدہ کے انتقال کے باوجود آسٹریلیا سے واپس نہیں گئے، سب ان کو کھیلتا اور پرفارم کرتا دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ یہ دورہ پاکستان کرکٹ کے لیے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
اسٹیو اسمتھ کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ وہ باؤلرز کو پریشان کرتے ہیں، کبھی آف اسٹمپ کے باہر کھڑے ہوتے ہیں کبھی اسٹمپ کے درمیان میں، اسمتھ کو آؤٹ کرنا ہے تو ان کے مطابق نہیں اپنے پلان کے مطابق باؤلنگ کرنا ہو گی۔