آسٹریلیا کے سابق کرکٹر این چیپل کبھی بھی سر ڈان بریڈمین کے مداح نہیں رہے ہیں اور اب ان کی جانب سے ایک حیران کن بیان سامنے آیا ہے۔ اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں این چیپل نے کہا کہ ڈان بریڈمین ایک خود غرض اور انتقامی شخص تھے، میں نے اس حوالے سے کئی سابق کھلاڑیوں سے بات کی ہے، وہ ڈان بریڈمین کو بڑا کھلاڑی تو مانتے تھے مگر انھیں ایک اچھا انسان تصور نہیں کرتے تھے۔ این چیپل نے بتایا کہ کیتھ ملر 1950 کی دہائی میں ایک بہترین آل راونڈر تھے مگر ذاتی چپقلش کی وجہ سے ڈان بریڈمین نے انھیں ٹیم سے نکلوا دیا تھا جس کا نقصان آسٹریلیا کو ہوا۔ چیپل نے ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ 1930 میں انگلینڈ میں 300 رنز بنانے پر ایک فین نے ڈان بریڈمین کو ہزار پاؤنڈ دیے تھے جو اس وقت ایک بہت بڑی رقم تھی لیکن ڈان بریڈمین نے کسی کو ڈرنک تک کی پیشکش نہیں کی۔