قلندرز کی ٹیم نے ٹی ٹین لیگ میں کرناٹکا ٹسکرز کو شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ٹی ٹین لیگ کے 20ویں میچ میں قلندرز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور پہلے ہی اوور میں دو رنز کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ ملان آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اننگز کے ابتدائی چار اوورز میں قلندرز کے دو بیٹسمین آؤٹ ہو چکے تھے لیکن ٹام بینٹن نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے قلندرز کا اسکور 130 رنز تک پہنچایا۔ ٹام بینٹن نے 28 گیندوں پر چھ چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 80 رنز کی اننگز کھیلی۔ قلندرز نے کرناٹکا ٹسکرز کو 131 رنز کا ہدف دیا لیکن پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے کرناٹکا کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 98 رنز اسکور کر سکی۔ 80 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے والے ٹام بینٹن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ٹام بینٹن ٹی ٹین لیگ میں قلندرز کے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے ہیں۔ انہوں نے پانچ اننگز میں 160 رنز اسکور کیے ہیں اور زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔