پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشنز میں غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے میں فرنچائزز کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کھلاڑیوں کو پاکستان آ کر کھیلنے کیلئے اضافی معاوضہ بھی دیا گیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے سابق ہیڈکوچ ڈین جونز نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے پچھلے ایڈیشنز میں کھلاڑیوں کو پاکستان آ کر کھیلنے کے لئے اضافی پیسے دیئے گئے اور مجھے حیرانی ہوئی کہ اس قسم کی کوئی پیشکش کوچنگ اسٹاف کو نہیں کی گئی یعنی کھلاڑی کوچز سے زیادہ اہم ہیں۔ ڈین جونز نے کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پلیئرز سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر پاکستان میں کھیلنے سے انکار کرتے ہیں لیکن جب انہیں اضافی معاوضہ دیا جاتا ہے تو وہ وہاں جا کر کھیلنے کے لئے رضامند ہو جاتے ہیں، یہ سمجھ سے بالاتر ہے اگر وہ پاکستان کو محفوظ نہیں سمجھتے تو اضافی پیسے لے کر کیوں کھیلتے ہیں؟