Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا 56واں اجلاس جمعہ کو چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی صدارت میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقد ہوا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے سری لنکن ٹیم کو دورہ پاکستان پر رضامند کرنے کے لیے پی سی بی قیادت کی تعریف کی گئی۔
بی او جی نے کرکٹ آسٹریلیا، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آئرلینڈ کے عہدیداران سے رابطے کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تینوں بورڈز کے ساتھ روابط کی کوششیں ٹیموں کی پاکستان آمد کو حتمی شکل دینے میں کارگر ثابت ہوں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اجلاس میں شریک اراکین کو پی ایس ایل 2020 کے مکمل طور پر پاکستان میں انعقاد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی اور ملتان میں پہلی بار لیگ میچز کے انعقاد کے باعث پی سی بی کی آزادانہ سیکیورٹی کنسلٹنٹ کمپنی 29 نومبر سے دونوں مقامات کا معائنہ کرے گی، وینیوز کے معائنے کے بعد پی ایس ایل 2020 کے شیڈول کا باضابطہ طور پر اعلان کیا جائے گا۔
وسیم خان نے پی ایس ایل فائیو کے ڈرافٹ کی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا ہے جو 6 دسمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقد ہو گا۔