پاکستان سپر لیگ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے اور اس میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کئی اسٹار کھلاڑی بھی کر چکے ہیں۔ ساؤتھ افریقہ کے مایہ ناز سابق کرکٹر ہاشم آملہ نے بھی پی ایس ایل کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ہاشم آملہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ پی ایس ایل کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے اگر منتخب ہوا تو پاکستان ضرور کھیلنے آؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ جن کھلاڑیوں نے بھی پی ایس ایل میں شرکت کی ہے، میری ان سے بات ہوئی ہے وہ پی ایس ایل کو شاندار قرار دیتے ہیں۔ ہاشم آملہ نے مزید کہا کہ 2017 میں دورہ پاکستان اچھا تھا، وقت اچھا گزرا، لوگوں نے شاندار میزبانی بھی کی، اب بھی موقع ملا تو ضرور پاکستان آؤں گا۔ ہاشم آملہ نے 2017 میں فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا تھا اور انہوں نے لاہور میں تین میچز کھیلے۔ واضح رہے کہ رواں سال ورلڈکپ کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد ہاشم آملہ کا فوکس لیگ کرکٹ پر ہے۔