پاکستان کے باصلاحیت نوجوان بیٹسمین بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی لیکن اس کے باوجود قومی ٹیم شکست سے دوچار ہوئی۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ میں نے دوسری اننگز میں لمبا کھیلنے کا سوچا تھا اور اگر میں اس میں کامیاب ہوتا تو ٹیم کو فائدہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی سو فیصد کارکردگی دینے کی کوشش کی، امید ہے اس سنچری سے اگلے ٹیسٹ کے لیے میرے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر پاکستانی بیٹسمین نے کہا کہ ویرات کوہلی سے میرا موازنہ نہیں بنتا، میں صرف اپنی کرکٹ پر توجہ دے رہا ہوں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنے کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلتا ہوں اور میں نے کبھی کسی ایک نمبر پر بیٹنگ کرنے کا مطالبہ نہیں کیا۔