ابوظہبی ٹی ٹین لیگ کے فائنل میں دکن گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر مراٹھا عرابینز تیسرے ایڈیشن کی چمپئن ٹیم بن گئی۔ فائنل معرکے میں دکن گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 87 رنز اسکور کیے۔ دکن گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد شہزاد، شین واٹسن اور کیرن پولارڈ جیسے کھلاڑی فائنل میں اپنا کمال نہیں دکھا سکے۔ آصف خان 25 رنز اسکور کر کے دکن گلیڈی ایٹرز کے نمایاں بیٹسمین رہے۔ 88 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مراٹھا عرابینز کے اوپننگ بیٹسمین چیڈوک والٹن نے شاندار انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 26 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ اوپننگ بیٹسمین کی برق رفتار اننگز کی بدولت مراٹھا عرابینز نے مطلوبہ ہدف باآسانی 7.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔ چیڈوک والٹن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ مراٹھا عرابینز کی نمائندگی کرنے والے کرس لِن نے ٹی ٹین لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز اسکور کیے اور انہیں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔