پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دورازے آہستہ آہستہ مکمل طور پر کھل رہے ہیں لیکن ہمسایہ ملک بھارت کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہضم نہیں ہو رہی۔ گزشتہ روز ایک بھارتی ویب سائٹ نے خبر لگائی کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اگلے سال مکمل دورہ پاکستان کے لیے راضی نہیں ہے۔ بھارتی ویب سائٹ نے بی سی بی کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف مختصر دورے کے لیے راضی ہیں جس میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جا سکتی ہے لیکن تین ہفتوں کے طویل دورہ پاکستان کے لیے کوئی بھی رضامند نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے اس خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی سی بی کی سیکیورٹی ٹیم پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات سے مکمل مطمئن تھی اسی لیے ان کی ویمن اور جونیئر ٹیموں نے پاکستان آ کر سیریز کھیلیں۔ پی سی بی کے ترجمان نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کی سینیئر ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان کا دورہ کرے گی۔ یاد رہے اگلے سال تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان نے بنگلہ دیش کی میزبانی کرنی ہے۔