آسٹریلیا کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے ڈے نائٹ ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں تبدیلیاں تجویز کر دی ہیں۔ راشد لطیف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ آخری ٹیسٹ میچ کے لیے میری پلیئنگ الیون میں عابد علی، شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین آفریدی، محمد عباس، نسیم شاہ، موسیٰ خان اور عمران خان سینیئر میں سے کوئی ایک کھلاڑی شامل ہوتا۔
راشد لطیف نے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والی ٹیم میں کم از کم دو اور زیادہ سے زیادہ تین تبدیلیاں تجویز کی ہیں۔ وہ حارث سہیل کو ڈراپ کر کے عابد علی کو بطور اوپنر کھلانا چاہتے ہیں جبکہ انہوں نے اظہر علی کو بیٹنگ کا تیسرا نمبر دیا ہے۔
سابق وکٹ کیپر کا خیال ہے کہ پاکستان کو پہلے میچ میں پانچویں باؤلر کی بہت کمی محسوس ہوئی اس لیے انہوں نے افتخار احمد کو ڈراپ کر کے محمد عباس کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔