ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری سابق کھلاڑی برائن لارا نے کرکٹ آسٹریلیا کو مشورہ دیا ہے کہ ماضی میں ٹیم کی قیادت کرنے والے اسٹیو اسمتھ کو پھر سے آسٹریلوی ٹیم کا کپتان بنا دیا جائے۔ اپنے ایک انٹرویو میں برائن لارا نے کہا کہ اسٹیو اسمتھ سے غلطی ضرور ہوئی مگر میں یہ سمجھتا ہوں کہ وہ اب بھی نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔ برائن لارا کا ماننا ہے کہ اسٹیو اسمتھ بہترین بیٹسمین کے ساتھ ساتھ بہترین کپتان بھی ہیں اس لیے اب انہی کو کپتانی ملنی چاہیے کیونکہ انہیں اپنے کیے کی سزا مل چکی ہے اور اب شاید شائقین کرکٹ بھی انہیں سپورٹ کریں گے۔ واضح رہے کہ ٹم پین نے پاکستان یا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ کا اشارہ دیا تھا۔ ساؤتھ افریقہ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد اسٹیو اسمتھ پر ایک سال کھیلنے اور دو سال ان پر کپتانی کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔