وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل کا کہنا ہے کہ کسی پلیئر کو ایک میچ یا ایک سیزن کی کارکردگی پر ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنا پلیئر کے ساتھ زیادتی ہے۔ عدنان اکمل نے سلیکشن کمیٹی کو مشورہ دیا کہ بہتر ہو گا کہ ٹاپ لیول کی کرکٹ سے قبل کھلاڑی کو کم از کم چار سے پانچ ڈومیسٹک سیزن کھیلنے کا موقع دیا جائے۔ قائد اعظم ٹرافی میں سدرن پنجاب کی جانب سے سنچری اسکور کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ میں نے پورے دس ڈومیسٹک سیزن کھیلنے کے بعد ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جس کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ عدنان اکمل کا مزید کہنا تھا کہ ہم تینوں بھائی مسلسل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہیں، جب بھی پاکستان ٹیم کو ضرورت ہو گی ہم دستیاب ہیں۔ عدنان اکمل نے سندھ کے خلاف 107 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔