Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

محمد عامر اور وہاب ریاض کی جانب سے طویل دورانیے کی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کی فاسٹ باؤلنگ بیٹری کمزور نظر آ رہی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ تین سال میں باؤلرز کا بیک اپ ہی تیار نہیں کیا گیا۔ پاکستان نے 2017ء سے اب تک 18 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جس میں 10 فاسٹ باؤلرز نے قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔
ان فاسٹ باؤلرز میں محمد عباس، محمد عامر، حسن علی، وہاب ریاض، راحت علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، عمران خان سینیئر، میر حمزہ اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ ان 18 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان نے 6 جیتے، 11 ہارے اور ایک میچ ڈرا ہوا۔ ان میچز میں پاکستان کی فاسٹ باؤلنگ لائن اپ چند باؤلرز کے ارد گرد گھومتی رہی۔
شکستوں کے باوجود فاسٹ باؤلرز کی "بینج اسٹرینتھ" پر کام نہیں کیا گیا جس کے نقصانات اب سامنے آ رہے ہیں۔ ان تین برسوں میں محمد عباس پاکستان کے سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 66 وکٹیں حاصل کیں۔
عباس کے بعد محمد عامر پاکستان ٹیم کی باؤلنگ کی مضبوط کڑی تھے اور انہوں نے اس دوران 12 ٹیسٹ میچز میں 38 وکٹیں حاصل کیں۔ حسن علی نو میچز میں 31 وکٹیں لے کر تیسرے کامیاب فاسٹ باؤلر رہے۔