انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پی ایس ایل میں کھیلنا ہمیشہ سے میرا مقصد رہا ہے اور میں امید کر رہا ہوں کہ کوئی فرنچائز مجھے منتخب کر لے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان نہیں گیا ہوں حالانکہ میری والدہ کے خاندان کا تعلق وہاں سے ہے اور اسی وجہ سے میں اس ملک کا دورہ کرنے کا منتظر ہوں۔ انگلش آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان میں پرجوش تماشائیوں کے سامنے کارکردگی کا مظاہرہ کرنا بھی ایک ایسی چیز ہے جس کا تجربہ کرنا میں پسند کروں گا اور مجھے اس کا احساس اس وقت ہوا جب ہم نے کچھ سال پاکستان کے خلاف قبل دبئی میں کھیلا تھا اور میں سوچ سکتا ہوں جب کرکٹ ان کے شہروں میں کھیلی جائے گی تو جذبہ کیسا ہو گا۔ معین علی نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے جنون اور سپورٹ کچھ اور ہے، اگر اگلے سال مجھے پی ایس ایل میں کھیلنے کا موقع ملا تو میں اس تجربے کا منتظر ہوں۔ یاد رہے معین علی کو پی ایس ایل فائیو کے ڈرافٹ میں پلاٹینم کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔