قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی تھی۔ بابر اعظم کے سنچری اسکور کرنے کے بعد جہاں آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر نے ان کی تعریف کی وہیں دوسری جانب وہ حیران بھی ہوئے۔ جسٹن لینگر کا کہنا تھا کہ مجھے حیرانی ہوئی کہ بابر اعظم نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں صرف دو سنچریاں اسکور کی ہیں کیونکہ وہ ایک بہترین بیٹسمین ہیں۔ آسٹریلوی کوچ نے کہا کہ ہم نے بابر اعظم کو ورلڈکپ میں دیکھا تھا، وہ تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور وہ ایک ورلڈکلاس پلیئر ہیں۔ بابر اعظم نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری نیوزی لینڈ کے خلاف اسکور کی تھی۔ انہوں نے 16 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی تھی۔ اس سے قبل وہ ایک 90 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل چکے تھے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی میں وہ 99 رنز پر آؤٹ بھی ہوئے تھے۔