قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی پہلے ہی کمر کی انجری کا شکار تھے لیکن اب انہیں پسلی کی بھی انجری ہو گئی ہے جس کی وجہ سے وہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ پی ایس ایل فائیو میں بھی ان کی شمولیت خطرے میں دکھائی دے رہی ہے۔ حسن علی گزشتہ تین ماہ سے کمر کی تکلیف میں متبلا ہیں۔
حسن علی قائد اعظم ٹرافی کے نویں راؤنڈ کا میچ کھیلنے کراچی گئے تھے لیکن میچ سے قبل حسن علی نے بائیں طرف پسلیوں میں اپنی تکلیف کا بتایا۔
کراچی میں کرائے گئے ٹیسٹ کی رپورٹ کے مطابق حسن علی کی پسلی میں فریکچر تھا لیکن حسن علی کا ٹیسٹ لاہور میں دوبارہ کرایا گیا اور نئی رپورٹس کے مطابق حسن علی کی آٹھویں اور نویں پسلی میں فریکچر ہوا ہے۔
انہیں فریکچر سے نجات پانے کیلئے 6 ہفتوں کا وقت درکار ہے۔ دوسری جانب سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے فاسٹ باؤلر حسن علی کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا ہے۔