سری لنکا نے دورہ پاکستان کے لیے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ دیموتھ کرونارتنے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ پہلے پاکستان نہ آنے والے کھلاڑی بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔ سولہ رکنی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت دیموتھ کرونارتنے کے سپرد کی گئی۔
پہلے پاکستان نہ آنے والے کوشال پریرا، انجیلو میتھیوز، دنیش چندیمل، سورنگا لکمل اور نیروشان ڈکویلا کو بھی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں اوشاڈا فرنینڈو، کوشال مینڈس، لہیرو تھریمانے، دننجایا ڈی سلوا، دلرووان پریرا، لستھ ایملڈینیا، لہیرو کمارا، وشوا فرنینڈو، کسون راجیتھا اور لکشن سنڈکن شامل ہیں۔
سری لنکن بورڈ کے مطابق وزارتِ کھیل کی منظوری کے بعد ٹیم کا اعلان کیا گیا۔ مہمان ٹیم آٹھ دسمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ پہلا ٹیسٹ میچ 11 دسمبر سے راولپنڈی اور دوسرا ٹیسٹ میچ 19 دسمبر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہو گا۔