Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیوڈ وارنر پاکستان کرکٹ ٹیم کے دشمن بن گئے ہیں۔ انہوں نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف پہلے سے شاندار ریکارڈ مزید بہتر کر لیا۔ ٹاس جیت کر آسٹریلیا نے بیٹنگ کی تو جو برنز چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ڈیوڈ وارنر نے مارنس لبوشین کے ساتھ مل کر اسکور آگے بڑھایا اور ڈے نائٹ ٹیسٹ کی سب سے بڑی پارٹنر شپ بنا ڈالی۔
دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت پر 361 رنز جوڑے۔ دوسرے روز مارنس لبوشین 162 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار ہوئے۔ ڈیوڈ وارنر 335 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان کے خلاف ان کے ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو یہ ساتویں ٹیسٹ میں ان کی پانچویں سنچری ہے۔
انہوں نے پاکستان کے خلاف چار سنچریاں آسٹریلیا اور ایک یو اے ای میں بنائی۔ ڈیوڈ وارنر 2014ء کے بعد سے اب تک پاکستان کے خلاف سات میچز میں 1084 رنز اسکور کر چکے ہیں۔
وہ آسٹریلیا کے لیے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے دوسرے بیٹسمین بھی بن گئے۔ رکی پونٹنگ 71 سنچریاں بنا کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 41 سنچریاں بنا کر میتھیو ہیڈن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔