بھارتی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اس وقت پاکستان کے بعد سب سے کامیاب ٹیموں میں شامل ہے تاہم پاکستان کے برعکس بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کچھ زیادہ اچھا ریکارڈ نہیں رکھتی اور یہی بات ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے پہلے کپتان ویرات کوہلی کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ بھارتی ٹیم نے گزشتہ کئی عرصے سے جو کامیابیاں حاصل کیں ان میں زیادہ تر فتوحات ہدف حاصل کرتے ہوئے حاصل کیں اور پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی جیت کی اوسط پچاس فیصد سے بھی کم رہی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے پہلے بات چیت کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ ہمیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں چھوٹے ہدف کا دفاع کرنا سیکھنا ہوگا بدقسمتی سے کچھ عرصے سے یہ ہماری کمزوری رہی ہے کہ ہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اتنا اچھا کھیل پیش نہیں کرتے جتنا دوسری بیٹنگ میں کرتے ہیں ہمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے پہلے اس پر قابو پانا ہوگا۔