فواد عالم سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ قومی کرکٹر فواد عالم کا کہنا ہے کہ دس سال تک قومی ٹیم سے دور رہنا بہت مشکل تھا مگر میرے والد میری حوصلہ افزائی کرتے رہے، ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ڈیبیو کی طرح ہے اور اسے یادگار بنانے کی کوشش کروں گا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد عالم نے کہا کہ عوامی توقعات کا دباؤ تو ہو گا اور میں اپنی سو فیصد پرفارمنس کی کوشش کروں گا۔ ایک سوال پر مڈل آرڈر بیٹسمین نے کہا کہ دس سال پہلے ٹیسٹ کرکٹ کھیلی تھی، پلیئنگ الیون میں موقع ملا تو اسے ڈیبیو سمجھ کر ہی کھیلوں گا۔ فواد عالم نے ون ڈے کرکٹ میں بھی واپسی کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ کون نہیں چاہتا کہ وہ تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کرے مگر وہ مستقبل کے بجائے صرف سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔