پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ عہدیداران کی محنت کے بعد سری لنکن ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کیا اور اب دس سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ واپس آ رہی ہے لیکن سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کا سارا کریڈٹ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی میں لے لیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کو دورہ پاکستان کے لیے میں نے سب سے پہلے دعوت دی تھی۔ سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انہوں نے سری لنکا کرکٹ کے آفیشلز سے بھی دورے کے حوالے سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کہا پی سی بی کا چیئرمین تھا تو پی ایس ایل کے ذریعے میں نے پاکستان میں کرکٹ واپس لانے کی کوشش کی۔ نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا پانچواں سیزن مکمل طور پر پاکستان میں ہونے جا رہا ہے اور مجھے امید ہے اس کے بعد دنیا کی ہر ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے تیار ہو جائے گی۔