سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم دو میچوں کی سیریز کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ سری لنکن ٹیم کی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ قومی ٹیم کے سابق ہیڈکوچ مکی آرتھر بھی سری لنکن ٹیم کے ہمراہ پاکستان پہنچ چکے ہیں اور وہ مہمان ٹیم کے ہیڈکوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
پاکستان روانگی سے قبل سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل ہمیں دورہ پاکستان کے لیے سیکیورٹی کا اندیشہ تھا لیکن حال ہی میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل کر جانے والے کھلاڑیوں نے ہمیں مثبت رائے دی۔
انہوں نے کہا کہ اب ہمارا خوف ختم ہو گیا ہے اور ہماری پوری توجہ دو ٹیسٹ میچز پر مرکوز ہے۔ دیموتھ کرونارتنے نے مزید کہا کہ ہم میں سے بہت سے کھلاڑیوں کے لیے یہ پہلا موقع ہے کہ ہم دورہ پاکستان کر رہے ہیں۔