کچھ عرصہ قبل قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا تا کہ وہ اپنے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کیریئر کو طول دے سکیں۔ محمد عامر کے اس فیصلے پر سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
دو روز قبل محمد عامر نے ٹویٹر پر ایک تصویر اپلوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ بنگلہ دیش جا رہے ہیں جہاں وہ بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) کھیلیں گے۔ ان کی اس پوسٹ پر ٹویٹر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
حسن چیمہ نامی ٹویٹر صارف نے لکھا کہ آپ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو کر بنگلہ دیش، ملائیشیا، ہانگ کانگ اور قطر میں جگہ بنا لی۔ ایک ٹویٹر صارف نے محمد عامر کو خودغرض شخص قرار دیا۔
ایک شخص نے کہا کہ اب آپ کبھی واپس نہ آنا۔ احسان افضل نے لکھا کہ پاکستان کو ٹیسٹ میں آپ کی ضرورت ہے اور آپ استعفیٰ دے کر لیگز کھیل رہے ہو۔