پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیٹو وسیم خان نے اپنے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا سیروتفریح کے لیے نہیں گیا تھا بلکہ کچھ حاصل کر کے آیا ہوں۔ لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ جو چیزیں آسٹریلیا میں فائنل ہوئیں اسے منظرعام پر بھی لائیں گے اور امید ہے کہ 2022 میں آسٹریلوی ٹیم پاکستان میں میچز کھیلے گی۔
انھوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران دو، تین اہم موضوع پر بات ہوئی ہے، فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کے تحت آسٹریلیا کو 2022 میں پاکستان میں دو ٹیسٹ میچ کھیلنے تھے مگر ہماری خواہش ہے کہ اب جو بھی سیریز ہو وہ تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ہو اور آسٹریلیا نے ہماری درخواست قبول کی ہے۔
وسیم خان نے بتایا کہ نئے ایف ٹی پی 2031-2023 کے لیے بھی کرکٹ آسٹریلیا سے بات ہو گئی ہے، نئے ایف ٹی پی میں قومی کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلا کرے گی، معاہدے کے تحت آسٹریلیا کے ساتھ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائیگی۔