دس سال کے طویل انتظار کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ سجے گا جس پر شائقین کرکٹ کے علاوہ سابق کھلاڑی بھی خوشی سے پھولے نہیں سما رہے اور ان اسٹار کرکٹرز کو راولپنڈی ٹیسٹ کے آغاز کا انتظار ہے۔ اس حوالے سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ دس سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر بہت پرجوش ہوں۔
سابق کرکٹر بازید خان کا کہنا تھا کہ یقین نہیں آ رہا بیس منٹ کی ڈرائیو پر ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا ہے اور زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ جس کے ساتھ میچ کھیلا جا رہا ہے وہ ٹیم سری لنکا کی ہے۔
سری لنکا کے سابق کھلاڑی رسل آرنلڈ نے کہا کہ پاکستان کا شمار میرے پسندیدہ ممالک میں ہوتا ہے، پاکستان میں کرکٹ سے محبت کرنے والی عوام بستی ہے اور یہاں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر میں بہت پرجوش ہوں۔