قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین شاہ مسعود اب تک 17 میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں جس میں انہوں نے 27.9 کی اوسط سے 949 رنز اسکور کیے ہیں۔ راولپنڈی میں شان مسعود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے ٹیسٹ کیریئر کی اوسط 27.9 کی ہے لیکن اس سال میں نے مسلسل 5 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جس میں میری اوسط 39 کے قریب رہی ہے۔ شان مسعود کا کہنا ہے کہ جب مسلسل ٹیم میں کھیلتے ہیں تو غلطیوں سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے اور پھر پرفارمنس بھی بہتر ہوتی ہے۔ انہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ساؤتھ افریقہ اور آسٹریلیا میں مجھے اچھی شروعات ملی، میں نے 50-40 رنز کی اننگز کھیلی لیکن لمبی اننگز نہیں کھیل سکا۔ اوپننگ بیٹسمین کا مزید کہنا تھا کہ اب کوشش کروں گا جو موقع ملے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اچھا پرفارم کروں اور یہ میرا فرض بنتا ہے کہ میں اپنی بیٹنگ اوسط دوسرے بڑے بیٹسمینوں کی طرح بہتر بناؤں۔