پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے بورڈ ملازمین اور ٹیم مینجمنٹ کو بھاری مراعات دینے کی مخالفت کر دی ہے۔ خالد محمود کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں جس طرح ملازمین کو بھاری تنخواہ مل رہی وہ تشویشناک ہے، ہمارے ملک کے معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملازمین کی اتنی تنخواہ ہونا درست نہیں ہے۔
خالد محمود نے کہا کہ میں نے سنا ہے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی تنخواہ تیس لاکھ روپے ہے، یہ سارا پیسہ کرکٹرز کا ہے جو ان کی وجہ سے بورڈ میں آتا ہے اور انہیں پر خرچ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کرکٹرز کو اچھے معاوضے نہیں دیے جائیں گے تو ان کی کارکردگی بھی متاثر ہو گی جس کا نقصان پاکستان کرکٹ کو ہو گا۔
خالد محمود نے مزید کہا کہ پی سی بی کو کام کرنے والے ملازمین کی تعداد بھی کم کرنے کی ضرورت ہے جبکہ بھاری تنخواہ لینے والوں کے معاوضے میں کمی کرنی چاہیے۔