انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین شاشنک منوہر کے عہدے کی مدت آئندہ سال مئی میں ختم ہو گی جس کے بعد وہ اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں گے۔ شاشنک منوہر کو 2016 میں دو سال کے کنٹریکٹ پر آئی سی سی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد گزشتہ سال انہیں ایک مرتبہ پھر چیئرمین کی ذمہ داری سونپ دی گئی تھی۔
شاشنک منوہر کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی میں مزید کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور دوبارہ دو سال کا کنٹریکٹ نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ کئی ڈائریکٹرز نے مجھ سے درخواست کی ہے کہ کنٹریکٹ میں توسیع لے لوں لیکن ذاتی مصروفیات کی وجہ سے مزید اس عہدے پر کام نہیں کر سکتا۔
شاشنک منوہر ماضی میں دو مرتبہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔