بھارت نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے فیصلے کن میچ میں ویسٹ انڈیز کے باؤلرز کی جم کر پٹائی کی اور میچ میں کامیابی حاصل کر کے 1-2 سے سیریز اپنے نام کر لی۔ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو روہت شرما اور لوکیش راہول نے بھارت کو زبردست آغاز فراہم کیا۔
روہت شرما نے 34 گیندوں پر 71 اور لوکیش راہول نے 56 گیندوں پر 91 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ ان کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے ویرات کوہلی نے بھی خوب ہاتھ صاف کیے اور 29 گیندوں پر برق رفتار 70 رنز بنا ڈالے۔
ویسٹ انڈیز کو 241 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 173 رنز ہی بنا سکی اور بھارت نے میچ میں 67 رنز سے فتح حاصل کر کے ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی جیت لی۔