چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے مصباح الحق کو دو اہم ترین عہدے دینے کی وجہ بتا دی۔ راولپنڈی میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ شفافیت اور احتساب کے لیے یہ سسٹم لائے ہیں، پہلے کوچ سے پوچھو تو جواب ملتا تھا کہ چیف سلیکٹر نے یہ کھلاڑی شامل کیے جبکہ چیف سلیکٹر سے کسی پلیئر کے بارے میں پوچھا جاتا تو وہ کہتے کہ ہیڈکوچ کی مشاورت سے شامل کیا گیا ہے اب مصباح الحق ہی تمام چیزوں کے ذمے دار ہیں ہم انہی سے سب پوچھیں گے۔ وسیم خان نے ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کو اصل ہدف قرار دیا۔ وسیم خان نے کہا کہ ٹھیک ہے ہم وائٹ بال کرکٹ کھیل رہے تھے مگر ٹیسٹ کرکٹ سب سے زبردست کرکٹ ہے، ہمارے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ کا تجربہ چاہیے، سری لنکا کی ٹیم آئی ہے اور بہت سپورٹرز بھی میدان میں نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ٹیسٹ کراچی میں بھی کھیل رہے ہیں، سب کے لیے یہ بہت اچھا ہے، ہمیں اس کا جشن منانا چاہیے۔ وسیم خان نے فینز کو ایک اور خوشخبری سنائی کہا ساؤتھ افریقی کرکٹ بورڈ مارچ کے آخر میں ٹیم بھیجنے پر راضی ہے اور اب وہ اپنے پلیئرز کو قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔