پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی آل راؤنڈر فہیم اشرف اور فاسٹ بولر عثمان شنواری کو بگ بیش لیگ کھیلنے سے روک دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 17 دسمبر سے شروع ہونے والی بگ بیش لیگ کی ٹیم میلبرن رینیگیڈز سے فہیم اشرف اور عثمان شنواری کے معاہدے طے پائے تھے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کو اس لیگ میں شرکت کرنے سے منع کر دیا ہے۔ پی سی بی کا اس حوالے سے موقف ہے کہ عثمان شنواری چونکہ سری لنکا کے خلاف جاری ہوم ٹیسٹ سیریز کا حصہ ہیں اسی وجہ سے ان کو بگ بیش لیگ کھیلنے سے منع کیا گیا۔ پی سی بی نے فہیم اشرف کو ڈومیسٹک کرکٹ کو جوائن کرنے پر زور دیا ہے۔ واضح رہے کہ میلبرن رینیگیڈز نے ان دونوں پلیئرز کی جگہ رچرڈ گلیسن اور ہیری گرنے کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ میلبرن رینیگیڈز اس سیزن کا پہلا میچ سڈنی تھنڈرز کے خلاف 19 دسمبر کو کھیلے گی۔