بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں ویسٹ انڈیز کے کرشمار سنٹوکی نے ایک بڑی نو بال کی جو دنیائے کرکٹ میں موضوع بحث بن گئی۔ کرشمار سنٹوکی بی پی ایل میں سلہٹ سکسرز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انھوں نے چٹوگرام چیلنجرز کے خلاف بڑی نو بال کی۔ ویڈیو وائرل ہوئی تو نو بال پر سوالات اٹھائے گئے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا اس نو بال پر موقف سامنے آ گیا ہے۔ بی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری کا کہنا ہے کہ بورڈ اس معاملے پر کوئی بیان نہیں دینا چاہتا کیونکہ یہ ایک اندرونی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ٹورنامنٹ میں اضافی اینٹی کرپشن اہلکار تعینات کیے ہوئے اور اس حوالے سے جو بھی ہو گا ہم اندرونی تحقیقات مکمل کر لیں گے۔ بنگلہ دیشی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سلہٹ سکسرز کے آفیشلز نے بھی اس نو بال پر حیرانگی اور تعجب کا اظہار کیا تھا۔