آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن انجری کا شکار ہو گئے ہیں اور اس میچ میں مزید بولنگ نہیں کرا سکیں گے۔ لوکی فرگوسن بولنگ کراتے ہوئے پنڈلی کی انجری کا شکار ہوئے۔ ٹرینٹ بولٹ کی جگہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے لوکی فرگوسن میچ میں صرف 11 اوورز ہی کرا سکے۔
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے اس حوالے سے ایک نیا مدع اٹھا دیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں مائیکل وان نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں انجری کا شکار پلیئرز کا متبادل منتخب کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ ایک آزاد ڈاکٹر کو پلیئر کی انجری کا معائنہ کرنا چاہیے اور اگر انجری واقعی حقیقی ہے تو پھر اسے تبدیل کرنے کا قانون بننا چاہیے۔
آئی سی سی نے حال ہی میں سر کی چوٹ کا شکار ہونے والے پلیئرز کے لیے متبادل کھلاڑی میدان میں اتارنے کی اجازت دی تھی۔