ساؤتھ افریقہ کے نومنتخب ہیڈکوچ مارک باؤچر نے آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بطور کپتان اے بی ڈویلیئرز کی ممکنہ واپسی کی طرف اشارہ کیا ہے۔ مارک باؤچر نے کہا ہے کہ ایک کوچ کے نقطہ نظر سے میں اس اسکواڈ کو مضبوط کرنے کا موقع ملنے پر خوش ہوں، تمام کھلاڑیوں کو ہر وقت اچھی کارکردگی کے لیے تیار کروں گا جس سے ملک میں کرکٹ بہتری کی جانب گامزن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اے بی ڈویلیئرز واحد کھلاڑی نہیں ہوں گے جو ریٹائرمنٹ واپس لیں گے، جب آپ ورلڈکپ کھیلنے جاتے ہیں تو آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی ٹیم میں بہترین کھلاڑی شامل ہوں۔ مارک باؤچر نے مزید کہا کہ میری نوکری ابھی شروع ہوئی ہے، ہو سکتا ہے کہ میں بہت سارے کھلاڑیوں کے ساتھ گفتگو کروں اور دیکھوں کہ وہ کہاں ہیں۔ رواں سال ساؤتھ افریقہ کی غیرمعیاری کارکردگی کے بعد کرکٹ کے معاملات کو درست سمت میں لانے کے لیے گریم اسمتھ کو ڈائریکٹر آف کرکٹ اور مارک باؤچر کو ہیڈکوچ مقرر کیا گیا ہے۔